پنجاب پولیس کے خدمت مراکز شہریوں کو ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی میں مصروف عمل

رواں سال اب تک 16 لاکھ 42 ہزار سے زائد شہریوں نے خدمت مراکز سے پولیسنگ سروسز حاصل کیں

بدھ 18 جون 2025 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)پنجاب پولیس کے خدمت مراکز شہریوں کو ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال اب تک 16 لاکھ 42 ہزار سے زائد شہریوں نے خدمت مراکز سے پولیسنگ سروسز حاصل کیں۔ انہوں نے بتایا کہ 07 لاکھ 34 ہزار سے زائد شہریوں نے جنرل پولیس ویریفیکیشن کروائی جبکہ 04 لاکھ 5 ہزار سے زائد شہریوں نے پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ حاصل کئے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ 01 لاکھ 87 ہزار سے زائد شہریوں نے کرایہ داری اندراج کروایا جبکہ 81 ہزار 284 شہریوں نے میڈیکولیگل سرٹیفیکیٹس حاصل کئے۔ اسی طرح کمزور طبقات کیلئے جاری اقدامات کے تحت 64 ہزار 537 افراد کو قانونی و سماجی تحفظ فراہم کیا گیا۔

(جاری ہے)

20 ہزار شہریوں نے وہیکلز ویری فیکیشن کروائی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ 41 ہزار 782 شہریوں نے دستاویزات کی اندراج گمشدگی، 2390 جرائم رپورٹ کی رجسٹریشن کروائی، 83 ہزار سے زائد شہریوں نے ایف آئی آر کی نقول حاصل کیں، 28 ویمن وائیلنس رپورٹس درج ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ 19 ہزار سے زائد شہریوں نے ایمپلائیز رجسٹریشن (ROPE) کروائی جبکہ 1573 شہریوں نے نجی ملازمت کیلئے پولیس ویریفیکیشن کروائی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ خدمت مراکز پبلک سروس ڈلیوری کا شاندار فلیگ شپ پراجیکٹ، شہریوں کو24/7 سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں لاکھوں شہری ماہانہ پولیس خدمت مراکز کی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ شہریوں کے فیڈ بیک کی روشنی میں سروسز کو مزید اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔