کراچی، ذاتی دشمنی پر گھر میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

جائے وقوعہ سے 2افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ نبیلہ نامی خاتون کو بھی تفتیش میں شامل کرلیا، ڈی آئی جی ساؤتھ

بدھ 18 جون 2025 22:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)بلدیہ اتحاد ٹاؤن محمد خان کالونی عمر بن خطاب مسجد کے قریب گھر میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق جاں بحق افراد میں عتیق الرحمن اور سیف الرحمن جبکہ زخمی میں 25 سالہ ثنا گل شامل ہے۔ڈی آئی جی ساوتھ سید اسد رضا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اتحاد ٹاون کے اولڈ W25 اسٹاپ، مسجد امیر معاویہ کے قریب گھر کے اندر پیش آیا، پولیس نے جائے وقوعہ سے 2افراد کو حراست میں لیا ہے جبکہ نبیلہ نامی خاتون کو بھی شامل تفتیش کیا ہے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ موقع سے ایک 30 بور پستول برآمد ہوا ہے، ذاتی دشمنی کے باعث دو فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق سیف الرحمن نامی شخص خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک سے ایک شادی شدہ خاتون نبیلہ کو کراچی لایا۔

(جاری ہے)

نبیلہ کا شوہر سنگ گل، اپنے بھائیوں مدھو اور اناری کے ہمراہ خاتون کو واپس لینے کی غرض سے جائے وقوعہ پر پہنچے، اسی دوران دونوں پارٹیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں مدھو اور سیف الرحمن دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

ڈی آئی جی ساوتھ سید اسد رضا نے بتایا کہ سیف الرحمن کا بھائی گولی لگنے سے زخمی ہوا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے، کرائم سین یونٹ جائے وقوعہ پر موجود ہے اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری ہے۔ڈی آئی جی ساتھ کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، مزید قانونی کارروائی اور فرار ملزمان کی تلاش کا عمل جاری ہے۔