Live Updates

ایران کا اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا میزائل حملہ

آرمی کمانڈ و انٹیلیجنس ہیڈکوارٹر اور اسرائیلی سٹاک ایکسچینج کی عمارت کو شدید نقصان کی اطلاعات

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 19 جون 2025 12:10

ایران کا اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا میزائل حملہ
تل ابیب ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون 2025ء ) ایران نے میزائلوں سے اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کردیا جس کے نتیجے میں آرمی کمانڈ و انٹیلیجنس ہیڈکوارٹر اور اسرائیلی سٹاک ایکسچینج کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی ذرائع نے بڑے پیمانے پر تباہی کا اعتراف کرلیا۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران کی جانب سے ایران کے شہر تل ابیب اور حیفہ پر جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ طاقتور میزائل سیجل فائر کیے گئے جو انتہائی بلندی پر سفر کر کے پھر اپنے ہدف تک کامیابی کے ساتھ پہنچتے ہیں، ایرانی میزائل حملے میں تل ابیب میں واقع اسرائیلی اسٹاک ایکسچینج کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔

بتایا گیا ہے کہ حملے سے شہر میں موجود اہم اقتصادی مرکز شدید طور پر متاثر ہوا جس کا فوری ردعمل اسرائیلی معیشت پر بھی پڑ سکتا ہے، جنوبی اسرائیل کے شہر بئر سبع اور تل ابیب میں ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے، ایرانی میزائل حملوں میں بئر سبع کا سوروکا ہسپتال بھی متاثر ہوا، ہسپتال کو پہنچنے والا نقصان براہِ راست حملے سے نہیں بلکہ دھماکے کی شدت سے پیدا ہونے والی ارتعاشی لہر کے باعث ہوا۔

(جاری ہے)

ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر ہونے والے میزائل حملے کا اصل ہدف اسرائیلی فوج کا کمانڈ اور انٹیلیجنس ہیڈکوارٹر تھا جو ٹیکنالوجی پارک میں واقع ہے، یہ فوجی انٹیلیجنس کیمپ جنوبی اسرائیلی شہر بئر سبع میں سوروکا ہسپتال کے ساتھ واقع ہے، حملے میں ہسپتال کو براہ راست نشانہ نہیں بنایا گیا بلکہ اسے صرف دھماکے کی ارتعاشی لہر سے معمولی نقصان پہنچا، حملے کا اصل ہدف ہسپتال کے قریب موجود حساس فوجی تنصیب تھی، یہ حملے دفاعی اقدام ہے جس میں فوجی انفرا سٹرکچر درست اور براہ راست ہدف تھا جس کا مقصد اسرائیل کے انٹیلیجنس نیٹ ورک کو کمزور کرنا تھا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات