محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے متعلقہ ادارے اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دیں ،ڈپٹی کمشنراوستہ محمد

جمعرات 19 جون 2025 16:40

اوستہ محمد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء)ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد عبدالرزاق خجک کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں علماء کرام اور ضلعی افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے نمائندگان، پولیس، بلدیاتی اداروں، صحت، آبنوشی، ریسکیو اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے، عوامی سہولیات کی فراہمی اور حساس مقامات پر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران اپنی ذمہ داریاں نہایت خوش اسلوبی اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں اور پولیس گشت میں غیر معمولی اضافہ کیا جائے، جبکہ مشکوک افراد پر گہری نظر رکھنے کے لیے تمام انٹیلیجنس ادارے بھی متحرک اور الرٹ رہیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی، روشنی اور پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور واٹر سپلائی نظام میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے، جبکہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹس ایک دوسرے سے مکمل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے علمائ کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں امن پسندی، بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دیں اور اپنے خطبات میں اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں تاکہ کسی بھی مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد کی دل آزاری نہ ہو اور ضلع میں مکمل امن کا ماحول برقرار رکھا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر تمام اداروں اور علمائ کرام نے انتظامیہ کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔