ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈنیشن جنوبی پنجاب کی تمام انتظامی محکموں کو ذیلی دفاتر میں ای فائلنگ سسٹم کے نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت

جمعرات 19 جون 2025 17:04

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈنیشن جنوبی پنجاب علی عاطف بٹر نے جنوبی پنجاب کے تمام انتظامی محکموں کو اپنے ذیلی دفاتر میں ای فائلنگ سسٹم کے نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ اس ضمن میں ایڈ یشنل سیکرٹری کوآرڈنیشن جنوبی پنجاب علی عاطف بٹر کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے محکموں کے تمام فوکل پرسنز،انچارج ای فائلنگ سسٹم جنوبی پنجاب و سینئر پروگرام منیجر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ عبداروف اور ایس اینڈ جی اے ڈی جنوبی پنجاب کے فوکل پرسن و ایس او انجنئیرارم عباس سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈینیشن نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑا قدم اٹھاتے ہوئےصوبہ کےتمام سرکاری دفاتر کو ای فائلنگ سسٹم (ای ایف او اے ایس ) پر سو فیصد عملدرآمد کا حکم دیا ہے،اس سلسلے میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو جنوبی پنجاب کے انتظامی محکموں ( ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹس) کے ذیلی دفاتر میں ای فائلنگ سسٹم نافذ کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام انتظامی محکمے اپنے ذیلی دفاتر میں ای فائلنگ سسٹم کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے سسٹم کے نفاذ کے لئے31 جون کی ڈیڈ لائن دی ہے،حکومت کو تمام محکموں بارے سسٹم جنریٹڈ کمپلینس رپورٹ بھیجی جائےگی اور ای فائلنگ سسٹم نہ اپنانے والے محکموں کے ذمہ دار افسران کو جوابدہ بنایا جائے گا۔

علی عاطف بٹر نے مزید کہا کہ ای فائلنگ سسٹم کے نفاذ سےفائلوں کا فرسودہ نظام ختم ہوگا اور وقت کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ای فائلنگ سسٹم اپنانے والے صوبے کا پہلا ادارہ ہے۔ اجلاس میں سینئر پروگرام منیجر پنجاب انفامیشن ٹیکنالوجی بورڈ عبدالروف نے ای فائلنگ سسٹم کے حوالے سے بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :