مہاراشٹر،مسلمانوں کے گھروں کی انہدامی مہم ، مکین پریشان

جمعرات 19 جون 2025 17:04

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے شہر تھانے میں انتظامیہ نے مسلمانوں کے گھروں کی انہدامی مہم شروع کر رکھی ہے۔گھروں کی اچانک تباہی نے مکینوں کو سخت پریشانی سے دوچار کر دیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میونسپل کارپوریشن نے گھروں کی مسماری کا یہ بہیمانہ عمل پیشگی نوٹس کے بغیر شروع کیا ہے ۔

13جون سے جاری کارروائی کے دوران اب تک کم از کم سترہ عمارتوں کو منہدم کیا جاچکا ہے جن افراد نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونچی مکانوں کی تعمیر پر لگائی تھی انہیں بے گھر کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

صفا بلڈنگ کی 45سالہ رہائشی سکینہ خان نے ، جسے انہدامی کارروائی نے شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے ، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ میں دوسروں کے گھروں میں صفائی ستھرائی کا کام کرتی ہوں ، میرے بیٹے یومیہ اجرت پر کام کرتے ہیں ، ہم نے گزشتہ برس اٹھارہ لاکھ روپے میں اپنا گھر خریداتھا ، گھر خریدنے سے پہلے ہم نے ہر چیز کی جانچ کی تھی اور ہم سے کہا گیا تھا کہ یہ گھر غیر قانونی اراضی پرنہیں بنا ہے لیکن اب کسی نوٹس کے بغیر ہمارے گھرکی بجلی اور پانی کا کنکشن کاٹ دیا گیا اور گھر کو بھی منہدم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔

سکینہ خان نے کہا کہ ہم کہاں جائیں ۔؟