یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کی ٹائمز ہائر ایجوکیشن امپیکٹ رینکنگ 2025 میں شاندار پیش رفت

جمعرات 19 جون 2025 17:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن امپیکٹ رینکنگ 2025 میں نمایاں ترقی حاصل کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی پوزیشن بہتر بنالی۔ یہ پیش رفت گزشتہ چار برسوں میں ادارے کی انتھک محنت اور عالمی معیار سے ہم آہنگ ہونے کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ترجمان یونیورسٹی کے مطابق یونیورسٹی نے 1000-1500 رینک سے ترقی کرتے ہوئے 600-800 رینک کے درمیان جگہ حاصل کی ہے، جو پائیداری اور سماجی اثرات کے حوالے سے اس کی بڑھتی ہوئی وابستگی کو ظاہر کرتی ہے۔

قومی سطح پر، یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور نے پاکستان کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں 11ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے، جو اس کی عمدہ کارکردگی کی مظہر ہے۔ بہتری کا یہ سفر یہیں نہیں رکا، سب سے نمایاں کامیابی یونیورسٹی کی ''ایس ڈی جی 4: معیاری تعلیم''کے حوالے سے ہے، جس میں یونیورسٹی کی عالمی درجہ بندی 201-300 سے بہتری کے ساتھ 54ویں نمبر تک پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

یہ سنگ میل یونیورسٹی کی ان حکمتِ عملیوں کا نتیجہ ہے جو تاحیات سیکھنے کے مواقع، مثر تحقیق اور شمولیتی تعلیمی اقدامات پر مرکوز رہیں، اور یہ سب وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چودھری کی وژنری قیادت میں ممکن ہوا۔اس ضمن میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چودھری نے جامعہ کے ڈائریکٹرز/پرنسپلز، کوالٹی انہانسمنٹ سیل، چیئرپرسنز، رجسٹرار، کنٹرولر آف ایگزامینیشنز، خزانہ دار، فیکلٹی، اسٹاف اور طلبا کو اس شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی یونیورسٹی کے تمام شعبوں کی مشترکہ کاوشوں اور محنت کا ثمر ہے۔

یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور عالمی سطح پر اپنا اثر مزید بڑھانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بامعنی کردار ادا کرنے کے عزم پر قائم ہے۔