ڈائریکٹر ایف آئی اے سرفراز ورک کا سندس فائونڈیشن کا دورہ،فلاحی خدمات کو سراہا

جمعرات 19 جون 2025 17:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور سرفراز خان ورک نے سندس فائونڈیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر فائونڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے سرفراز ورک نے کہا کہ سندس فائونڈیشن معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقے کی بے لوث خدمت کر رہا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندس فاونڈیشن آ کر انہیں دلی خوشی اور روحانی سکون ملا اور یہ ادارہ پیشہ ورانہ ذمہ داری،خلوص اور محنت کے ساتھ اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔سرفراز ورک نے فاونڈیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایف آئی اے اور سندس فاونڈیشن کے درمیان مستقل روابط کے قیام پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے فاونڈیشن کے بچوں کو ایف آئی اے لاہور آفس کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تاکہ انہیں ادارے کے کام اور قومی خدمات سے آگاہ کیا جا سکے۔

اس کے علاوہ دونوں اداروں کے اشتراک سے بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا،جس کا مقصد خون کے ضرورت مند مریضوں کی بروقت مدد کو یقینی بنانا ہے۔دورے کے دوران بانی و صدر سندس فاونڈیشن محمد یاسین خان نے ڈائریکٹر ایف آئی اے سرفراز ورک کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور ان کی فلاحی خدمات سے دلچسپی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔دورے کے اختتام پر سرفراز ورک کو سندس فاونڈیشن کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ فاونڈیشن کی انتظامیہ نے ان کی آمد کو ادارے کیلئے اعزاز اور خوش آئند قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :