پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کا شہر کی خوبصورتی، اپ گریڈیشن اور عوامی سہولت کے لیے متعدد شاندار منصوبوں کا اعلان

جمعرات 19 جون 2025 17:07

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے)راولپنڈی نے شہر کی خوبصورتی، اپگریڈیشن اور عوامی سہولت کے لیے متعدد شاندار منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی، احمد حسن رانجھا نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد راولپنڈی اور مری کو نہ صرف خوبصورت بلکہ عوام کے لیے پُرکشش اور سرسبز بنانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے مالی سال میں مری روڈ کی بیوٹیفکیشن، پلرز کی آرائش اور قرآنی آیات و اسماء حسنی کی تنصیب جیسے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے۔ راول روڈ پر ایک خوبصورت مانومنٹ کی شکل میں درود شریف آویزاں کیا جائے گا جو شہر کی روحانیت اور جمالیاتی حسن میں اضافہ کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ راولپنڈی رنگ روڈ پر 75 ہزار نئے پودے لگانے کا منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور سبز ماحول کا فروغ ہے۔

اس کے علاوہ گورکھپور نرسری کو ایک ہزار کنال تک وسعت دی جائے گی جہاں لاکھوں پودے اگائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو سبز و شاداب ماحول میسر آ سکے۔ احمد حسن رانجھا نے کہا کہ مری میں بھی سیاحوں کے لیے تفریحی سہولیات کی فراہمی اور شہر کی خوبصورتی کے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ راولپنڈی شہر کو پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق جدید، خوبصورت اور عوام دوست شہر بنانے کے لیے پی ایچ اے پرعزم ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے نہ صرف شہریوں کو ایک صاف ستھرا، پُرکشش اور صحت مند ماحول میسر آئے گا بلکہ راولپنڈی و مری کی سیاحت اور مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔

متعلقہ عنوان :