سیماپ کے زیر اہتمام ٹیکنالوجی اینڈ انویشن سمٹ 2025 سرجیکل انڈسٹری کی تیسری نمائش کا انعقاد

جمعرات 19 جون 2025 18:38

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) سیالکوٹ سرجیکل ا نسٹرومنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن پاکستان (سیماپ )کے زیر اہتمام ٹیکنالوجی اینڈ انویشن سمٹ 2025 سرجیکل انڈسٹری کی تیسری نئی جدید مصنوعات کی نمائش نجی مارکی (کینٹ ویومارکی )میں منعقد ہوئی۔ٹیکنالوجی اینڈ انویشن سمٹ 2025 نمائش کا مقصد سرجیکل آلات تیار کرنے والی فیکٹریوں کے مالکان اور سروس کنندگان کو ایک جدید پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

اس موقع چیئرمین سیماپ ذیشان طارق نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد سرجیکل صنعت کے تمام فریقین کو ایک جگہ جمع کرنے کا ایک سنہری موقع فراہم کرنا ہےتاکہ کاروباری حضرات زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں ،یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں سرجیکل انڈسٹری کے مینوفیکچررز اور وینڈرز کو آپس میں آسان رسائی حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ یہ ایونٹ اُن اداروں کے لیے بھی ایک بہترین موقع ہے جو سرجیکل انڈسٹری کو مال، میٹریل، ٹولز اور دیگر سروسز فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں کم اخراجات میں سرجیکل انڈسٹری کیلئے نئے بزنس کے مواقع میسر آئیں گے اور وہ اپنی نئی جدید مصنوعات کو براہ راست متعلقہ خریداروں کے سامنے پیش کرسکیں گے۔ یہ سرجیکل انڈسٹری کے نظام کو بہتر بنانے اور صنعت میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک زبردست موقع ہے۔

ہمیں یقین ہے کہ یہ نمائش سرجیکل صنعت کے روشن مستقبل میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے ہمیں جدیدمٹیریل کے لیے لاہور ،کراچی اور بیرون ممالک میں جانا پڑتا تھا لیکن اب سب کچھ سیالکوٹ کے اندر ایک ہی چھت کے نیچے میسر ہے ۔اس موقع پر صدر وویمن چیمبر ڈاکٹر مریم نعمان نے کہا کہ ٹیکنالوجی اینڈ انویشن سمٹ2025 کی نمائش سیماپ اور ان کی ٹیم کی ایک بہت ہی اچھی کوشش ہے اور میں چیئرمین سیماپ و انکی ٹیم کو کامیاب نمائش منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس سمٹ کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کروانا اور نئی راہوں کو تلاش کرنا ہے ، دورے حاضر میں نئی سوچ نیا عزم نوجوانوں کو نوکری کی بجائے کاروبار کی طرف راغب کرنا ہے ، اس کے ساتھ خواتین سرجیکل سیکٹر کے علاوہ باقی سیکٹر میں بھی خواتین آگے بڑھ رہی ہیں ۔ اس موقع پر سینئر وائس چیئر مین سیماپ سلمان مغل ،وائس چیئر مین عبدالمومن ،ممبر صوبائی اسمبلی فیصل اکرام ،بانی اتحاد فاونڈر گروپ ریاض الدین شیخ ، سابق چیئرمین سیماپ خلیل احمد ،صدر چیمبر اکرام الحق ،صدر وویمن چیمبر ڈاکٹر مریم نعمان ،سنیئر وائس پریذیڈنٹ گلنار وقاص ملک ، گروپ لیڈر سرجیکل یوسف حسن باجوہ ،جنرل سیکرٹری سیماپ عثمان بٹ ، میٹل انڈسٹری ڈویلپمنٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر خرم شہزاد اعوان اور دیگر کاروباری حضرات و سماجی رہنما سمیت عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔