کے آئی یو غذر کیمپس میں خواتین کے لیے پاک فوج میں کمیشن کے مواقع پر آگاہی سیشن کا انعقاد

جمعرات 19 جون 2025 21:08

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی غذر کیمپس میں آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سینٹر (اے ایس اینڈ آر سی) گلگت کی طر ف سے خواتین کے لیے پاک فوج میں کمیشن کے مواقع پرکامیاب آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق اس سیشن میں کے آئی یوغذر کیمپس کی طالبات کے علاوہ گورنمنٹ ڈگری کالج فار گرلز گاہکوچ اور گورنمنٹ ڈگری کالج ہٹون کی طالبات نے بھی شرکت کی۔

لیفٹیننٹ کرنل ابصار احمد گل آفیسر انچار ج آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سینٹر (اے ایس اینڈ آر سی) گلگت نے سیشن کی قیادت کی اور پاک فوج میں کمیشن کے مختلف شعبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے شرکاء کی طرف سے اٹھائے گئے متعدد سوالات کے جوابات بھی دیے اور خواہشمند نوجوان خواتین کے لیے قیمتی رہنمائی اور حوصلہ افزائی فراہم کی۔

(جاری ہے)

یہ خصوصی آگاہی سیشن کمانڈر ایف سی این اے کے احکامات پر منعقد کیا گیا، جو کے آئی یو غذرکیمپس کے ان کے حالیہ دورہ کے دوران طالبہ کی درخواست پر عمل میں آیا۔ اس اقدام سے پاک فوج کی خواتین کو بااختیار بنانے اور قومی خدمت میں مساوی مواقع کو یقینی بنانے کی جاری وابستگی اجاگر ہوتی ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر شہاب الدین ڈائریکٹر کے آئی یوغذر کیمپس نے کمانڈر ایف سی این اے اور اے ایس اینڈ آر سی گلگت کا سیشن کے انعقاد پر دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس طرح کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جو نوجوان خواتین کو مسلح افواج میں پیشہ ورانہ کیریئر اختیار کرنے کی ترغیب اور تعلیم دیتے ہیں۔اس سیشن کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جو پاک فوج میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو فروغ دینے اور آگاہی بڑھانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔