سری لنکا نے گال ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 368 رنز بنا لیے

جمعرات 19 جون 2025 22:45

گال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 368 رنز بنا لیے۔ میزبان ٹیم کو بنگلہ دیش کے 495 رنز کے اسکور کو برابر کرنے کے لیے مزید 127 رنز درکار ہیں۔

(جاری ہے)

سری لنکن اوپنر پاتھم نسانکا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 187 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 27 خوبصورت چوکے شامل تھے۔

دیگر نمایاں بلے بازوں میں دنیش چندیمل 54، اینجیلو میتھیوز 39 اور لاہیرو اڈارا 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو کپتان دہننجایا ڈی سلوا 17 اور کمندو مینڈس 37 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود، تیج الاسلام، نعیم حسن اور مومن الحق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 495 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔