محسن گیلانی کی فیفا ایگزیکٹو سمٹ 2025 میں شرکت

جمعہ 20 جون 2025 20:14

محسن گیلانی کی فیفا ایگزیکٹو سمٹ 2025 میں شرکت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2025ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی نے فیفا ایگزیکٹو سمٹ 2025 میں شرکت کی اور بین الاقوامی فٹبال قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ میامی میں فیفا کے جنرل سیکرٹری ماتیس گرافسٹروم نے ملاقات میں پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ساتھ قریبی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ کھیل کے میدان میں بہتری لائی جا سکے۔

(جاری ہے)

محسن گیلانی نے فیفا کے گلوبل چیف آف فٹبال آرسین وینگر سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے لیے خصوصی تکنیکی ترقیاتی پروگرامز، کوچنگ اور یوتھ فٹبال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ صدر پی ایف ایف نے ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے صدر اور فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے میں تعاون اور پاکستان میں گراس روٹ اور ڈیولپمنٹ کے لیے اے ایف سی کی تکنیکی مدد پر گفتگو کی گئی۔ فیفا سمٹ کے موقع پر محسن گیلانی نے سری لنکا فٹبال فیڈریشن کے صدر جسور عمر اور بھوٹان فٹبال فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری اوگین وانگچک سے بھی بات چیت کی۔