وزیراعظم شہبازشریف کا نیشنز کپ کے سیمی فائنل میچ میں فرانس کے خلاف فتح پر پاکستانی ہاکی ٹیم کو شاندار خراج تحسین

جمعہ 20 جون 2025 21:51

وزیراعظم  شہبازشریف کا نیشنز کپ کے سیمی فائنل میچ میں فرانس کے خلاف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیڈریشن انٹرنیشنل دی ہاکی (ایف آئی ایچ) نیشنز کپ کے سیمی فائنل میچ میں فرانس کے خلاف فتح پر پاکستانی ہاکی ٹیم کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی ہم ہاکی کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کی پذیرائی کی ہے۔

انہوں نے پاکستان ہاکی ٹیم کی ایف آئی ایچ نیشنز کپ کے فائنل میں رسائی پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا،قومی ٹیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور دل جیت لئے ۔انہوں نے دعا کی کہ پاکستانی ہاکی ٹیم فائنل میچ میں بھی فتح کے جھنڈے گاڑے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی ہم ہاکی کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریں گے ۔