شندورپولو فیسٹیول کا شاندار آغاز، سرلاسپور نے افتتاحی میچ میں غذر کو شکست دی

جمعہ 20 جون 2025 22:38

شندورپولو فیسٹیول کا شاندار آغاز، سرلاسپور نے افتتاحی میچ میں غذر ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء) پولو گرانڈ شندور میں سالانہ شندور پولو فیسٹیول 2025کا رنگا رنگ آغاز ہو گیا۔ فیسٹیول کا انعقاد خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی، پاک فوج اور چترال اسکاٹس کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔افتتاحی میچ سرلاسپور چترال اور غذر گلگت بلتستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں سرلاسپور کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3کے مقابلے میں 6گول سے کامیابی حاصل کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف تھے۔ انہوں نے خطاب میں کہا کہ خیبرپختونخوا ایک پرامن صوبہ ہے اور بین الاقوامی سطح کا میلہ منعقد کر کے ہم دنیا کو پاکستان کا خوبصورت، پرامن اور مہمان نواز چہرہ دکھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ایسے فیسٹیولز سے مقامی معیشت، ثقافت اور کھیلوں کو فروغ ملتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ہم دنیا بھر کے سیاحوں کو یہاں آنے کی دعوت دیتے ہیں۔شندور پولو فیسٹیول دنیا بھر کے ایڈونچر اور ثقافتی سیاحت کے دلدادہ افراد کے لیے ایک خاص کشش رکھتا ہے۔ میلے میں پیراگلائیڈنگ اور پیراشوٹ کے شاندار مظاہرے بھی شائقین کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ثقافتی رنگوں سے بھرپور اس میلے میں چترالی، بلتی اور کیلاش رقص پیش کیے جائیں گے جو علاقائی ورثے کی خوبصورت جھلک پیش کریں گے۔شندور میلہ نہ صرف ایک اسپورٹس ایونٹ ہے بلکہ یہ پاکستان کے شمالی علاقوں کی ثقافت، حسن اور مہمان نوازی کا جشن بھی ہے، جہاں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ ملکی و غیر ملکی سیاح بھی شریک ہوتے ہیں۔