شندورپولو فیسٹیول کا آغازہوگیا، صوبائی وزیرکھیل وآمورنوجوانان مہمان خصوصی تھے

جمعہ 20 جون 2025 21:49

شندورپولو فیسٹیول کا آغازہوگیا، صوبائی وزیرکھیل وآمورنوجوانان مہمان ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) تاریخی اہمیت کے حامل شندور پولو فیسٹیول کا آغازدنیا کے بلند ترین پولو میدان شندورمیں ہوگیا،خیبرپختونخوا کے وزیرکھیل وآمورنوجوانان سید فخرجہان جہان نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں مشیراطلاعات بیرسٹرڈاکٹر سیف،سیکرٹری سیاحت بختیارخان، کمشنرملاکنڈ عابد وزیر، اورڈی جی ٹورازم حبیب اللہ عارف بھی موجود تھے، تین روزہ فیسٹیول کا اہتمام خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی، پاک فوج اورچترال سکاؤٹس کے اشتراک سے کیا گیا ہے، فیسٹیول کے پہلے روزچترال کے سرلاسپور اورگلگت بلتستان کے غذرکے درمیان سنسنی خیزپولومیچ کھیلا گیا جس میں سرلاسپور کی ٹیم نے 6ـ3 سے کامیابی حاصل کی، فیسٹیول میں تین دن تک چترال اورگلگت کی روایتی حریف ٹیموں کے درمیان پولو کے دلچسپ اور سخت مقابلے جاری رہیں گے، جنہیں دیکھنے کے لیے ملک بھراوربیرون ممالک سے بڑی تعداد میں سیاح شندور پہنچے ہیں۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کے موقع اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیرکھیل و آمور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا کہ شندور پولو فیسٹیول نہ صرف ایک کھیل کا ایونٹ ہے بلکہ ایک ثقافتی جشن ہے جو دنیا بھرکے سیاحوں کو پاکستان کی پرامن فضا، دلکش مناظر اورعظیم ورثے سے روشناس کراتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شندورپولو ہمارا اہم ثقافتی کھیل ہے جو 12 ہزار فٹ کی بلندی پرکھیلا جاتا ہے اوراس ثقافتی کھیل کو دیکھنے کیلئے پوری دنیا سے ٹورسٹ اور شائقین آتے ہیں۔

صوبائی وزیرنےکہا کہ ہم شندور فیسٹیول میں شرکت کرنے والے سیاحوں اورشائقین کھیل کو خوش آمدید کہتے ہیں اوراس طرح کی سرگرمیوں سے ہم پوری دنیا کو امن کا پیغام دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم پاکستانی اپنے ثقافت سے پیار کرنے والے لوگ ہیں اوریہ فیسٹیول اس کی عکاسی ہے۔ صوبائی وزیرکا کہنا تھا کہ شندور پولو فیسٹیول گلگت اورچترال کے مابین سال میں ایک دفعہ ہوتا ہے اوراس کھیل کا مقصد ان علاقوں کے مابین اتحاد و محبت اورہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ انھوں نےکہا کہ فیسٹیول میں گلگت اور چترال سے سات سات ٹیمیں حصہ لیتی ہیں، عوامی ایجنڈے کے تحت صوبے میں کھیلوں کے میدانوں کو بھی سہولیات سے آراستہ کیا جارہاہے جسکا مقصد صوبے میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو ترقی و ترویج دینا ہے۔