ملتان پولیس کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی ، ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

جمعہ 20 جون 2025 15:53

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) ملتان پولیس کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے قتل ، ڈکیتی ، سرقہ بالجبر اور سرقہ وہیکلز سمیت دیگر متعدد وارداتوں میں ملوث ڈاکو کوزخمی حالت میں گرفتارکرلیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان ملتان پولیس کے مطابق جمعہ کو علی الصبح سی سی ڈی کی ٹیم بسلسلہ گشت و پڑتال جرائم پل لنگڑیال کے قریب موجود تھی کہ روندہ سڑک شیرشاہ کی جانب سے موٹرسائیکل کی لائٹ آتی ہوئی دکھائی دی پولیس ٹیم نے اسے رکنے کااشارہ دیا، موٹرسائیکل سوارتین نامعلوم افرادنے پولیس پرفائرنگ شروع کردی، پولیس کی جانب سے بھی حفاظت خوداختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی گئی ۔

دوران فائرنگ ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا جبکہ 2 ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈاکو کوپولیس نے گرفتارکرکے اس کے قبضہ سے ایک غیر قانونی پستول معہ گولیاں بھی برآمدکرلیا ۔زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوکی شناخت محمد شاہد ولد بشیر احمد کے نام سے ہو ئی ہے۔پولیس نے وقوعہ کا مقدمہ درج کر کے اور زخمی گرفتار ڈاکو کوعلاج معالجہ کیلئےنشتر ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔