پی ایچ اے ٹیمیں پارکس کو بہتر بنانے کیلئے دن رات محنت کر رہی ہیں، منصوراحمد

جمعہ 20 جون 2025 22:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور منصور احمد شہر کے پارکس اور گرین ایریاز کو سرسبز، خوبصورت اور فعال بنانے کے مشن پر سرگرم ہیں۔ترجمان کے مطابق اس حوالے سے ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد کی زیر صدارت پی ایچ اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ہارٹیکلچر ڈائریکٹرز، پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور سپورٹس ڈائریکٹر نے شرکت کی۔

اجلاس میں جاری منصوبوں، پارکس، گرین بیلٹس اور گرین ایریاز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی ایچ اے نے اجلاس کے دوران فیلڈ اور دفتری کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا اور تمام اسٹاف کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ شہری سہولیات کی فراہمی اور پارکس کی حالت میں مزید بہتری کے لیے تمام فیلڈ افسران اور عملے کی مکمل موجودگی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ایچ اے نے ہارٹیکلچر ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ شہر بھر کے تمام پارکس، گرین بیلٹس، پودوں اور پھولوں کی باقاعدہ دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ایک خوشگوار اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے پروجیکٹس ڈائریکٹرز کو پارکس میں جاگنگ ٹریکس، لائٹنگ، پانی کی موٹریں اور دیگر سہولیات کی مکمل فعالیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ڈی جی نے لاہور کے تمام پارکس میں گھاس، صفائی اور سکیورٹی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی جبکہ پروجیکٹ ڈائریکٹر جیلانی پارک کو پبلک جم کی تزئین و آرائش کے فوری اقدامات کا ٹاسک سونپ دیا جبکہ ڈائریکٹر سپورٹس کو سمن آباد جم کی اپگریڈیشن کے لیے باضابطہ پروپوزل تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔ ڈی جی پی ایچ اے نے کہاکہ پی ایچ اے ٹیمیں تمام چھوٹے بڑے پارکس کو بہتر بنانے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہیں، پارکس کی خوبصورتی اور سہولیات میں بہتری ایک مسلسل عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ایچ اے لاہور شہر کو سرسبز بنانے اور شہریوں کو معیاری تفریحی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :