پی سی بی گریڈ ٹو کرکٹ ٹرافی، چارسدہ اور سوات کے درمیان تین روزہ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر چارسدہ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے

ہفتہ 21 جون 2025 22:34

پی سی بی گریڈ ٹو کرکٹ ٹرافی، چارسدہ اور سوات کے درمیان تین روزہ میچ ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام سینئر انٹر ڈسٹرکٹ گریڈ ٹو کرکٹ ٹرافی کے تحت اشفاق احمد کرکٹ گراؤنڈ سرڈھیری میں جاری چارسدہ اور سوات کے درمیان تین روزہ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر چارسدہ نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے اور اسے مجموعی طور پر 291 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

میچ کے دوسرے روز سوات نے اپنی نامکمل پہلی اننگز 113 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی، تاہم پوری ٹیم 173 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سوات کی جانب سے محمد فرحان 34 اور روشن علی 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ چارسدہ کی طرف سے مجتبیٰ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ محمد جنید اور محمد عدنان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

اس طرح چارسدہ کو پہلی اننگز میں 35 رنز کی سبقت حاصل ہوئی، دوسری اننگز میں چارسدہ کی شروعات قدرے مشکلات کا شکار رہیں، تاہم پاکستان انڈر-19 کرکٹر نجب خان نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل تیسری نصف سنچری مکمل کی اور 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ ملک شہباز خان نے 37، اشفاق احمد نے 34 رنز بنائے جبکہ نظار علی 48 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ سوات کی جانب سے محمد فرحان نے 3 جبکہ ہلال نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اتوار کو میچ کا تیسرا اور فیصلہ کن دن ہوگا، جہاں چارسدہ کی ٹیم اپنی برتری کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کرے گی جبکہ سوات کے لیے میچ میں واپسی کا واحد موقع یہی دن ہوگا۔