سری لنکا اوربنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا

ہفتہ 21 جون 2025 22:29

سری لنکا اوربنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ..
گال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ پانچ روزہ میچ کے آخری دن بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز 285 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی اور پہلی اننگز میں حاصل ہونے والی 10 رنز کی برتری کے باعث سری لنکا کو فتح کے لیے 296 رنز کا ہدف دیا۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان نجم الحسن شانتو نے دوسری اننگز میں بھی شاندار سنچری اسکور کی اور 125 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ مشفق الرحیم 49 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کے تھارندو رتھانائیکے نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے دن کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز بنائے۔ اس طرح یہ میچ ڈرا ہو گیا۔ بنگلہ دیش کے اسپنر تیج الاسلام نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نجم الحسن شانتو کو دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔