کوئٹہ ، چیئرمین نیب کے وژن کے مطابق اور انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی مہم

جمعہ 20 جون 2025 22:49

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2025ء) چیئرمین نیب کے وژن کے مطابق اور انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی مہم کے تحت ، قومی احتساب بیورو (بلوچستان)نی18 جون 2025 کو یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ کے طلبا اور اساتذہ کے ایک وفد کو مدعو کیا۔ وفد کی قیادت نفسیات کے شعبہ کی اسسٹنٹ پروفیسر صائمہ امبرین نے کی۔ نعمان اسلم، ڈائریکٹر جنرل نیب (بلوچستان) نے وفد کا خیرمقدم کیا ۔

انہوں نے شفافیت کے عمل کو فروغ دینے میں اس طرح کے پروگرام کی اہمیت پر زور دیا۔وفد نے نیب بلوچستان کے مختلف دفاتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کام کے طریقہ کار، بشمول شکایات پر کارروائی، انکوائری اور پراسیکیوشن کے عمل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔نیاز حسن ڈائریکٹر نیب نے ادارے کے فرائض و کار کردگی کا جامع تعارف بیان کیااور بیورو کے عملی طریقہ کار سے طلبا کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

عمران مجید ایڈیشنل ڈائریکٹر نے " بدعنوانی کے خاتمے میں طلبا کا کردار" کے عنوان سے ایک معلوماتی لیکچر دیا۔ انہوں نے نیب کی سہہ جہتی حکمت عملی Awareness، Prevention اور Enforcement کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور نیب کے قانون اور اس کی ترامیم کے اہم حصوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبا اپنے اخلاق اور پیشہ ورانہ مہارت میں عبور حاصل کر کے بدعنوانی سے بہتر انداز میں نبردآزما ہو سکتے ہیں۔

یہ وصف ان کے مستقبل میں قائدانہ ذمہ داریاں ادا کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نے طلبا سے تفصیلی گفتگو کی اور ان کے تمام سوالوں کے جوابات دیئے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں چیئرمین نیب کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیب اپنی تمام تر صلاحیتیں ہائی پروفائل کرپشن کیسز کے حل اور ایسی تدابیر پر صرف کرے گا جس کی بدولت محکموں میں کرپشن کو پنپنے سے روکا جا سکے۔

انہوں نے طلبا کی بدعنوانی کے خلاف کردار سازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ معاشرے سے کرپشن کے اس ناسور کے تدارک کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔دورے کا اختتام پر نیب بلوچستان کی طرف سے ڈاکٹر صائمہ امبرین کو یادگاری شیلڈ دی گئی اور باہمی اظہار تشکر کیا گیا۔ آنے والے وفد نے نیب کے اس اقدام کو بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کی جانب انتہائی با مقصد اور اہم سنگ میل قرار دیا ۔