وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا راولپنڈی کا دورہ

جمعہ 20 جون 2025 23:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے راولپنڈی کا دورہ کیا اورکمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ، ممبران قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب اور ملک ابرار ، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ راؤ عبد الکریم اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب شہزادہ سلطان بھی ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک اور آر پی او بابر سرفراز الپا نے انتظامات بارے میں تفصیلی بریدنگ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن میں تمام 4374 مجالس اور 1003 جلوسوں کے انتظامات مکمل کی جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 169 شعلہ بیاں ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 89 کی زباں بندی کے احکامات جاری کیے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ راولپنڈی میں 184 افراد کو فورتھ شیڈول میں رکھا گیا ہے۔ پولیس کی امداد کیلئے آرمی کی 5 اور رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات ہونگی۔ وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے زائرین کے لئے سبیل لگانے کی بھی تمام تر تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے۔

نیز پنجاب بھر میں جلوس اور مجالس میں وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنا رہے ہیں تاکہ ہر قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ محفوظ محرم الحرام کیلئے محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد لازمی ہے۔مرکزی جلوس کے روٹس کو ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی مانیٹر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کنٹرول رومز کو چوبیس گھنٹے فعال اور وہاں پر سو فیصد حاضری کویقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ اور نفرت انگیز مواد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ پنجاب بھر میں جلوسوں اور مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔اجلاس میں ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ، ڈی آئی جی سپیشل برانچ اور تمام ڈویژنل ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔