اسسٹنٹ کمشنر (کچلاک) احسام الدین کاکڑ نے یہاں مفتی محمود میموریل ہسپتال کچلاک کا دورہ

جمعہ 20 جون 2025 23:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) اسسٹنٹ کمشنر (کچلاک) احسام الدین کاکڑ نے یہاں مفتی محمود میموریل ہسپتال کچلاک کا دورہ کیا اور ایم ایم ایس ڈاکٹر وکیل شیرانی سے بریفنگ لی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال میں اسٹاف ڈیوٹیاں تین شفٹوں میں ترتیب دی گئی ہیں اور چوبیس گھنٹے گائنی، ایمرجنسی، ریڈیالوجی، لیبارٹری اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

صبح کی شفٹ میں نیوٹریشن، جلد و بچوں کے امراض، فزیوتھراپی، دندان سازی، جراحت، ختنہ، صحت کارڈ سروسز اور فارمیسی سمیت مختلف سہولیات عوام کو فراہم کی جا رہی ہیں۔سیکیورٹی، صفائی، رہائشی کالونی، کیفے ٹیریا، اور پودوں و پھولوں کے ذریعے خوشگوار ماحول کا اہتمام کیا گیا ہے۔مریضوں کی منتقلی کے لیے 6 ایمبولینسز ہمہ وقت دستیاب ہیں۔ہسپتال انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ کو سڑک پر اسپیڈ بریکرز کے خاتمے، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، گیٹ کے قریب کچرے کی صفائی اور چوبیس گھنٹے بجلی فراہمی کے مسائل سے آگاہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ اسٹریٹ لائٹس بروز پیر نصب اور کچرے کا ڈھیر فوری طور پر ہٹایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :