ایبٹ آباد، پی ایم اے بائی پاس پر ون ویلنگ کرنے والے نوجوان گرفتار، 10 موٹر سائیکل تھانہ منتقل

ہفتہ 21 جون 2025 11:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) ٹریفک پولیس ایبٹ آباد نے پی ایم اے بائی پاس پر ون ویلنگ جیسے جان لیوا کھیل میں مشغول نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات خان کی خصوصی ہدایت پر ٹریفک پولیس نے پی ایم اے بائی پاس روڈ پر ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی۔

یہ کارروائی ڈی ایس پی منڈیاں فیصل حفیظ، انسپکٹر منڈیاں حفیظ خان اور ٹی ایس آئی منڈیاں جمیل خان کی نگرانی میں کی گئی۔ کارروائی کے دوران بائی پاس روڈ پر خطرناک انداز میں ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا اور ان کے 10 موٹر سائیکلوں کو قبضے میں لے کر سکندر آباد تھانے منتقل کیا گیا۔ یہ نوجوان ون ویلنگ کے ذریعے نہ صرف اپنی جان کو خطرے میں ڈال رہے تھا بلکہ دیگر راہگیروں اور گاڑیوں کے لیے بھی خطرہ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات خان نے والدین سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ون ویلنگ ایک جان لیوا کھیل ہے، جو کسی بھی وقت زندگی کا چراغ گل کر سکتا ہے۔ والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں، کمسن بچوں کو موٹر سائیکل ہرگز نہ دیں اور انہیں اس خطرناک شوق سے باز رکھیں۔ ٹریفک قوانین کی پاسداری ہی محفوظ زندگی کی ضمانت ہے۔