حکومت آزادکشمیر کے احکامات پر تمام ادارے عوامی مسائل حل کرنے میں متحرک ہیں،ڈپٹی کمشنرجہلم

ہفتہ 21 جون 2025 19:47

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر ضلع جہلم محترمہ بینش جرال نے عوامی وفد سے ملاقات کے دوران کہاکہ حکومت آزادکشمیر کے احکامات پر تمام ادارے عوامی مسائل حل کرنے میں متحرک ہیں۔ وفد نےڈپٹی کمشنر کو اپنی تجاویزاورمسائل بارے آگاہ کیااور علاقے میں جاری بجلی بحران پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وفد نے ہٹیاں بالا میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور کاروباری سرگرمیوں پر اس کے اثرات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وفدمیں مختلف مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے افرادشریک تھےجنہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش سے نہ صرف چھوٹے تاجروں کا روزگار متاثر ہو رہا ہے بلکہ شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر لوڈشیڈنگ کا شیڈول50 پرسنٹ جاری کیا جائے، بجلی کی ترسیل بہتر بنائی جائے اور واپڈا حکام کو پابند کیا جائے کہ وہ تاجروں کے مسائل فوری طور پر حل کریں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نے وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی جائیں گی تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔