سیکرٹری فزیکل پلاننگ چوہدری عبدالمجید اور کمشنر پونچھ کا راولاکوٹ میں پانی کی فراہمی کے منصوبہ جات کا معائنہ

ہفتہ 21 جون 2025 22:29

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری عبدالمجید اور کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن نے راولاکوٹ میں پانی کی فراہمی کے منصوبہ جات جن میں پانی سٹوریج کے لیے موجود ڈیم ، ڈسٹریبیوشن سسٹم اور نئے تعمیر ہونے والے دریک ڈیم شامل ہیں کا معائنہ کیا ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق اور مہتمم پبلک ہیلتھ پونچھ طاہر مظفر ملک ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولاکوٹ سردار عبدالقادر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔معائنے کے دوران سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق راولاکوٹ میں پانی کی فراہمی کے مسائل کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان منصوبہ جات کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل کے لیے نہ صرف واضح ہدایات دی ہیں بلکہ درکار فنڈز بھی فراہم کر دیئے ہیں۔ مزید فنڈز کی فراہمی کے لیے بھی وزیر اعظم نے مکمل یقین دہانی کروا دی ہے تاکہ کام میں کسی قسم کا تعطل نہ ہو۔سیکرٹری فزیکل پلاننگ نے واضح کیا کہ راولاکوٹ میں ورکنگ سیزن مختصر ہوتا ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے پوری تندہی، رفتار اور ذمہ داری سے کام کریں تاکہ عوام کو جلد از جلد مزید صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ ان منصوبہ جات میں کسی قسم کی تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ یہ منصوبے براہ راست عوامی ریلیف سے جڑے ہوئے ہیں۔چوہدری عبدالمجید نے مزید بتایا کہ نئے تعمیر ہونے والے دریک ڈیم کے ساتھ پہلے سے موجود ڈیم کی صفائی (ڈی سلٹنگ) ، مشینری کی مرمتی کے لیے بھی وزیر اعظم نے فنڈز جاری کر دیے ہیں تاکہ مجموعی آبی نظام کو مؤثر اور پائیدار بنایا جا سکے جبکہ ڈیم میں اضافی پانی شامل کرتے ہوئے پمپمنگ کی استعداد کار بڑھا کر پانی کے کنکشنز میں بتدریج اضافہ بھی کیا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :