چارسدہ، تھانہ سرڈھیری پولیس کا راہزن گینگ کے خلاف کارروائی، دو ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں مال مسروقہ، اسلحہ، اور موٹرسائیکل برآمد

ہفتہ 21 جون 2025 21:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) چارسدہ، تھانہ سرڈھیری پولیس نے شہری سے اسلحہ کی نوک پر نقدی چھیننے والے راہزن گینگ کے سرغنہ کی گرفتاری کے بعد کارروائی کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مزید دو ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔ مجموعی طور پر تین ملزمان سے نقدی، موبائل فون، اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

پہلی کارروائی میں پولیس نے گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 50 ہزار روپے نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی تھی۔ بعد ازاں مزید دو ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جن کی نشاندہی پر پولیس نے ایک لاکھ 80 ہزار روپے نقدی، ایک عدد موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والے دو پستول برآمد کر لیا۔ ایک اور کارروائی میں سرڈھیری پولیس نے ایک عدد کلاشنکوف بھی برآمد کی، جسے مزید تفتیش کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سرڈھیری پولیس نے فوری مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا تھا۔ ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت کی تھی، جس پر ایس پی انوسٹی گیشن کی نگرانی اور ڈی ایس پی سرڈھیری کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ جدید سائنسی بنیادوں پر کی گئی تفتیش کے نتیجے میں راہزن گینگ کے تینوں مرکزی ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے کی نشانی دہی پر مجموعی طور پر 2 لاکھ 30 ہزار روپے سے زائد مال مسروقہ، موبائل فون، پستول، موٹرسائیکل اور کلاشنکوف برآمد کی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔

متعلقہ عنوان :