سانجھی دنیا سانجھی صحت: یوگا کے عالمی دن پر ہم آہنگی کا پیغام

یو این اتوار 22 جون 2025 01:30

سانجھی دنیا سانجھی صحت: یوگا کے عالمی دن پر ہم آہنگی کا پیغام

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 22 جون 2025ء) جنگوں، بیماریوں اور ذہنی صحت کے مسائل سے عبارت دنیا میں یوگا ظاہری و باطنی سکون اور ہم آہنگی کے حصول کا مستحکم اور بھروسہ مند ذریعہ ہے جو انسان کو گوناگوں مشکلات میں راحت اور آسانی مہیا کرتا ہے۔

آج منائے جانے والے یوگا کے عالمی دن پر اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر (نیویارک) میں اسی پیغام کی گونج سنائی دی جہاں سیکڑوں لوگ اس قدیم مشق کے لیے جمع ہوئے۔

اس موقع پر سفارت کاروں، اقوام متحدہ کے عہدیداروں اور عملے کے ارکان سمیت یوگا کے شوقین لوگوں نے چٹائیاں بچھائیں اور اپنے جسم و ذہن کو سکون پہنچایا۔

Tweet URL

'پراجیکٹ پیس لائٹس' کے بانی پیٹر روگینا بھی مشق میں شریک تھے جنہوں نے 2019 میں منائے گئے اس دن کو یاد کیا جب بارش کے باعث یہ مشق جنرل اسمبلی کے ہال میں کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اس قدر بڑی تعداد میں لوگوں کے ساتھ مل کر یوگا کرنا ان کے لیے خوشی کا باعث ہے اور ایسے اجتماع میں توانائی کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ وہ اپنے بیٹے کو بھی یوگا کے تجربے سے روشناس کرانے کے لیے ساتھ لائے۔

بدھ لاما آریا ڈرولما ہر سال یوگا کی اس مشق میں شرکت کے لیے آتی ہیں۔ پہلے وہ پیشہ ور ماڈل تھیں لیکن اب ان کی توجہ اندرونی سکون اور مراقبے پر مرکوز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمسنی میں جب وہ انڈیا میں پرورش پا رہی تھیں تو اس دوران انہیں یوگا کرنے کا موقع ملتا تھا۔ یہ مشق ناصرف جسم کو سکون پہنچاتی ہے بلکہ روح کو بھی چھو لیتی ہے۔ ان کی رائے میں یوگا صحت کے لیے سب سے زیادہ فائدہ مند عمل ہے۔

جسم اور زمین کی حفاظت

اس تقریب کا اہتمام اقوام متحدہ میں انڈیا کے مستقل مشن کی جانب سے کیا گیا تھا اور امسال 'ایک زمین، ایک صحت' اس کا خاص موضوع تھا۔

اقوام متحدہ میں انڈیا کے مستقل سفیر پی ہریش نے کہا کہ یہ موضوع اس سچائی کا اظہار ہے کہ انسانی کی ذاتی صحت اور کرہ ارض کی صحت کا باہم گہرا تعلق ہے۔ جب ہم اپنے جسم کی حفاظت کرتے ہیں تو زمین کی حفاظت بھی شروع ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں منایا جانے یوگا کا 11واں دن اس بات پر غور کرنے کا موقع ہے کہ کیسے یہ جسمانی مشق ذاتی بہبود کی عالمگیر علامت بن گئی ہے اور ہر جگہ ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہر عمر کے لوگ اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔

اسی بات کو دہراتے ہوئے 'آنندا مارگا ویمن ویلفیئر سنٹر' کی دیدی آنندا رادھیکا اچاریہ نے کہا کہ یوگا محض جسمانی مشق ہی نہیں بلکہ یہ اپنی ذات، دنیا اور فطرت کی یکجہتی کے احساس کی دریافت کا راستہ بھی ہے

ان کا کہنا تھا کہ باہر سے انسان ایک جسم کی صورت میں دکھائی دیتا ہے جس کے اندر اس کا دماغ ہوتا ہے۔ اس سے بھی اندر ایک ایسی چیز ہے جو ہمیشہ ہمیں دیکھتی رہتی ہے اور یہ ہماری روح ہے۔

یوگا کے ذریعے انسان اپنی روح تک پہنچ سکتا ہے۔ جب انسان یوگا کے ذریعے اپنے ذہن کی گہرائیوں میں جھانکتا ہے تو احساس ہوتا ہے کہ ہم سب اندر سے کس قدر مربوط ہیں۔

امید کی علامت

اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے شمالی لان میں یوگا کی مشق کرنے والوں میں ایسے لوگ بھی شامل تھے جو پہلی مرتبہ یہ تجربہ کر رہے تھے جنہوں نے مخصوص انداز میں سانس لینے اور بیٹھنے کی ابتدائی مشقیں کیں۔

معروف معالج اور تکمیلی بہبود کے ماہر ڈاکٹر دیپک چوپڑا نے اس مشق میں لوگوں کو رہنمائی دی۔

اس موقع پر برادری، اعتماد اور امید کے موضوع پر ہونے والے پروگرام میں نیویارک کے سیوانندا یوگا ویدانتا مرکز کی مارٹا شیڈیسکی نے بھی شرکت کی جن کے لیے یہ دن اور موقع ایک خاص اہمیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتری اور جنگوں سے عبارت دنیا میں یہ جگہ امید، بہتر مستقبل اور امن کے امکانات کی علامت دکھائی دیتی ہے۔