Live Updates

ایران پر حملہ؛ امریکی سینیٹرز کا صدر ٹرمپ کے مواخذے کا عندیہ

ٹرمپ نے جذبات میں آ کر ایک ایسی جنگ کا خطرہ مول لیا ہے جو ہمیں نسلوں تک الجھا سکتی ہے؛ امریکی رکن کانگریس الیگزینڈریا اوکاسیوکورٹیز

Sajid Ali ساجد علی اتوار 22 جون 2025 12:08

ایران پر حملہ؛ امریکی سینیٹرز کا صدر ٹرمپ کے مواخذے کا عندیہ
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون 2025ء ) ایران پر امریکہ کے حملے کے بعد امریکی سینیٹرز کا صدر ٹرمپ کے مواخذے کا عندیہ دے دیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق امریکی رکن کانگریس الیگزینڈریا اوکاسیوکورٹیز نے ایران پر حملہ امریکی صدر ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران پر بمباری کا تباہ کن فیصلہ آئین اور کانگریس کے جنگی اختیارات کی سنگین خلاف ورزی ہے، ٹرمپ نے جذبات میں آ کر ایک ایسی جنگ کا خطرہ مول لیا ہے جو ہمیں نسلوں تک الجھا سکتی ہے۔

اسی معاملے پر سینیٹ کے ڈیموکریٹ رہنما چک شومر نے امریکہ میں فوری وار پاورز ایکٹ نافذ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صدر کو یکطرفہ طور پر قوم کو جنگ میں دھکیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ٹرمپ کو امریکی عوام اور قانون ساز اداروں کو ایران پر حملے کے پیچھے محرکات، حکمت عملی اور امریکیوں کی سلامتی پر اثرات کے حوالے سے جواب دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ایران میں تین نیوکلیئر تنصیبات پر فضائی حملے کرتے ہوئے امریکہ جنگ میں شامل ہوگیا، امریکہ کی جانب سے فردو نیوکلیئر تنصیب پر حملے کے لیے 6 بنکر بسٹر بم استعمال کیے گئے، امریکی آبدوزوں سے 30 ٹوماہاک میزائل داغے گئے جو نطنز اور اصفہان کی سائٹس پر گرے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ایران کے فردو، نطنز اور اصفہان میں واقع نیوکلیئر مقامات کو نشانہ بنایا گیا، ہم نے ایران کے تین نیوکلیئر سائٹس پر اپنا بہت کامیاب حملہ مکمل کیا، تمام طیارے ایرانی فضائی حدود سے باہر نکل چکے ہیں، فردو سائٹ پر مکمل بمباری کی گئی جس کے بعد تمام طیارے بحفاظت واپس روانہ ہوگئے، یہ امریکہ، اسرائیل اور دنیا کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، ایران کو اب اس جنگ کے خاتمے پر رضامند ہو جانا چاہیئے۔

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات