بوٹینیکل گارڈن تحقیق، تعلیم اور سماجی ترقی کے مرکز کے طور پر اہم کردار ادا کرے گا ، وائس چانسلر محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ

اتوار 22 جون 2025 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق اے رجوانہ نے کہا ہے کہ بوٹینیکل گارڈن تحقیق، تعلیم اور سماجی ترقی کے مرکز کے طور پر اہم کردار ادا کرے گا جس کا مقصد ماحولیات پر انسانی سرگرمیوں کے اثرات کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے نئے قائم شدہ بوٹینیکل گارڈن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس کو یونیورسٹی اور عوامی فلاح کیلئے تبدیلی کا اقدام قرار دیا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ باغ کو تحقیق، تعلیم اور سیکھنے کے لیے ایک کثیر الشعبہ مرکز کے طور پر کام کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور بوٹینیکل گارڈن صرف پودوں کا مجموعہ نہیں ہے، یہ ایک لائیو تجربہ گاہ ہے جہاں ہمارے طلباء، محققین اور یہاں تک کہ مقامی کمیونٹی بھی پائیدار زراعت، ماحولیاتی تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کی پیچیدگیوں کے بارے میں جان سکتی ہے، یہ باغ مختلف شعبوں زراعت، باغبانی، ماحولیاتی سائنس اور نباتیات کے طلباء کو عملی تحقیق اور تجربات کرنے کے لیے ایک انمول پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بوٹینیکل گارڈن کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ یہ 7 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں 44 سے زیادہ مختلف اقسام کے پودے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام نہ صرف ہمارے طلباء کے تعلیمی تجربے میں اضافہ کرے گا بلکہ پائیدار زرعی طریقوں کے بارے میں بیداری کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔