Live Updates

ہزارہ ڈویژن میں بارش اور آندھی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

اتوار 22 جون 2025 17:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) ہزارہ ڈویژن میں بارش اور آندھی نے جھلسا دینے والی گرمی سے نجات دلا دی،ہزارہ ڈویژن میں کئی دنوں کی شدید گرمی اور خشک موسم کے بعد بارش سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی اور جاری ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش کا آغاز ایبٹ آباد سے ہوا جو تیزی سے مانسہرہ،ہری پور،بٹگرام،کوہستان اور تورغر کے دیگر اضلاع تک پھیل گئی۔

حالیہ دنوں میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا تھا جو بارش کے بعد 8 سے 10 ڈگری تک کم ہو گیا اس سے بچوں،بزرگوں اور دہاڑی دار مزدوروں کو بڑی حد تک راحت ملی ہے۔ ہزارہ کے کسانوں نے بھی اس بارش کو رحمت قرار دیا،بارش کے نتیجے میں کھڑی فصلوں کو فائدہ پہنچنے اور زمین میں نمی بحال ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

مانسہرہ کے نواحی علاقے کے کسان غلام رسول نے کہا ہے کہ بارش کسی نعمت سے کم نہیں،ہماری مکئی کی فصل پانی کی کمی سے مرجھا رہی تھی اب امید ہے کہ فصل سنبھل جائے گی۔

ہری پور میں بارش سے قبل تیز ہوائیں چلیں جنہوں نے شہری اور دیہی علاقوں میں گرد و غبار پھیلایا تاہم بارش نے ماحول کو صاف کر دیا اور فضا میں تازگی بھر دی۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اپر خیبر پختونخوا بشمول ہزارہ ڈویژن میں ہلکی سے معتدل بارش اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات