صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی کا کوکارئی سوات کا دورہ

اتوار 22 جون 2025 19:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کوکارئی سوات کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز سوات کے ممکنہ عارضی کیمپس کے قیام کے لیے ایک نجی جگہ کا ابتدائی معائنہ کیا۔ یہ دورہ یونیورسٹی کے طلباء کی تعلیمی سرگرمیوں کو بغیر تعطل جاری رکھنے کے پیش نظر کیا گیا تاکہ مستقل کیمپس کی تعمیر مکمل ہونے تک عارضی تدریسی نظام مؤثر انداز میں قائم کیا جا سکے۔

اس موقع پر چیئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈوکیٹ، یونیورسٹی کے وائس چانسلر شکیب اللہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔ مجوزہ جگہ کے حوالے سے انہیں جامع بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فضل حکیم خان یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہر قوم کی ترقی کی بنیاد ہے اور ہماری صوبائی حکومت طلباء کی تعلیمی ضروریات کو اولین ترجیح دیتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ویٹرنری سائنسز جیسے اہم شعبے میں تعلیمی سلسلہ کسی صورت متاثر نہیں ہونے دینگے اور اس مقصد کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت جو سائٹ دیکھی گئی ہے وہ صرف ابتدائی مرحلے کا حصہ ہے اور کسی حتمی فیصلے سے قبل تمام پہلوؤں کا جائزہ اور تکنیکی مشاورت کو مدنظر رکھا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومت طلباء کے قیمتی وقت اور مستقبل کو ضائع نہیں ہونے دے گی اور اگر مجوزہ جگہ تمام تعلیمی، قانونی اور انتظامی تقاضوں پر پورا اتری تو جلد یہاں عارضی تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ممکن بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ویٹرنری یونیورسٹی سوات نہ صرف مقامی طلباء کے لیے بلکہ پورے ملاکنڈ ڈویژن کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم علمی مرکز بن چکی ہے ۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ تعلیمی ترقی اور نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے طلباء کو خصوصی رعایت دی جائے گی اس فیصلے کا مقصد ذہین اور محنتی طلباء کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان پر مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :