Live Updates

مسلم لیگ( ن) کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،سیلاب متاثرین کی بحالی تک ریلیف آپریشن جاری رہیگا،رانا مشہود احمد خاں

ہفتہ 13 ستمبر 2025 19:28

مسلم لیگ( ن) کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،سیلاب متاثرین کی بحالی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز سیلاب متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہیں،متاثرین کی بحالی تک ریلیف آپریشن جاری رہے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں بابو صابو میں کورٹ کشمیر آرفن ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز، ان کی پوری ٹیم اور سرکاری مشینری واسا،واپڈا، ریسکیو1122 اورسول ڈیفنس کے ادارے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مصروف عمل ہیں،جب تک یہ آزمائشی صورت حال برقرار ہے، حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، جہاں جہاں سے سیلابی پانی نکلتا جا رہا ہے وہاں فوری طور پر ری ہبیلیٹیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے اورجہاں پر ابھی سیلابی پانی کھڑا ہے وہاں پر ادارے علاقوں کو کلیئر کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں ، انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب سیلاب کا پانی پنجاب کے علاقوں میں داخل ہوا تو وزیر اعلی مریم نواز اور کابینہ ارکان متاثرین سیلاب کو پریشانیوں سے نکالنے کیلئے ان کے گھروں میں گئے اور انہیں محفوظ مقامات تک منتقل کروایا،ان کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے میڈیکل کیمپس لگوائے،ڈاکٹر ز اور ادویات فری آف کاسٹ مہیا کیں ۔رانامشہود احمدنے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن ) کی ہدایت پر وزیر اعظم محمد شہبازشریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز دونوں دن رات سیلاب متاثرین کی خدمت کر رہے ہیں،سیلاب زدہ علاقوں میں سیکورٹی کے بہترین انتظامات کرنے پر پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وفاق پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر صوبے میں سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرے گا، لیکن ابھی فوری طور پر آپ کو گھروں کے اندر روٹی کا مسئلہ درپیش ہے جس کو حل کرنے کیلئے آج آپ کو اتنا راشن دے رہے ہیں کہ آپ کے تین چار ہفتے آسانی سے گزر جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی آپ کے معاملات درست رکھے، آپ کے بچوں کا مستقبل بہتر کرے، اچھے برے وقت میں حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے، ہم چوہدری اختر اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں،جو آزاد کشمیر سے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کیلئے آئے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات