متحدہ عرب امارات کے صدر کے عمان، فرانس اور اٹلی کے رہنماؤں سے رابطے، مشرق وسطیٰ کی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا

پیر 23 جون 2025 14:05

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے سلطنت عمان کے سلطان ہیثم بن طارق، فرانس کے صدر ایمانویل میکرون، اور اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ یواے ای کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ رابطے حالیہ دنوں میں ایران پر ہونے والے حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال اور اس کے ممکنہ سنگین اثرات کے تناظر میں کئے گئے۔

(جاری ہے)

ان روابط کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو لاحق خطرات پر غور و فکر اور ان کا ممکنہ حل کی تلاش تھا۔ شیخ محمد بن زاید اور مذکورہ عالمی رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ کشیدگی کو فوری طور پر ختم کرنے کےلئے علاقائی اور عالمی سطح پر سفارتی کاوشوں میں تیزی لائی جائے۔ ان کے مطابق موجودہ بحران کا حل صرف اور صرف بات چیت، تحمل اور سفارتکاری میں مضمر ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مشرق وسطیٰ کو مزید بحرانوں سے بچانا، اس کے عوام کو امن کی فضا فراہم کرنا اور پورے خطے میں سلامتی و استحکام کو یقینی بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔\932