گورنرخیبرپختونخوا سے امامیہ جرگہ کےوفد کی ملاقات، امن وامان کی صورتحال پر گفتگو

پیر 23 جون 2025 15:17

گورنرخیبرپختونخوا  سے امامیہ جرگہ   کےوفد کی ملاقات،  امن وامان کی صورتحال ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے امامیہ جرگہ خیبرپختونخوا کے نمائندہ وفد نے گورنر ہاوس میں ملاقات کی۔ گورنر ہائوس سے جاری بیان کے مطابق صدر فرزند علی بنگش کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے وفد میں جنرل سیکرٹری سردار عقیل حسین، رابطہ سیکرٹری سردار ابراہیم حسین اور دیگر اکابرین ملت جعفریہ شامل تھے۔

ملاقات میں محرم الحرام کے انتظامات، صوبہ کے تمام اضلاع میں امن وامان کی صورتحال پر گفتگو کی گئی ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کندی نے کہا کہ صوبے کو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کاسامناہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر بالخصوص ضم ضلع کرم اور ڈی آئی خان کے اضلاع انتہائی حساس ہیں، محرم الحرام میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے سب کو مشترکہ کردار ادا کرناہوگا۔

انہوں نے کا کہ بین المسالک رواداری اور اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کو باہمی تعاون اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان، پاڑاچنار سمیت صوبہ بھر میں محرم الحرام کے انتظامات اور سکیورٹی صورتحال کو یقینی بنایا جائے گا۔