Live Updates

امریکہ کے بعد اسرائیل کا ایران کے فردو جوہری پلانٹ پر حملہ

فردو جوہری تنصیبات کو آج اسرائیل کی جانب سے نشانہ بنایا گیا؛ ایران کی تصدیق

Sajid Ali ساجد علی پیر 23 جون 2025 14:55

امریکہ کے بعد اسرائیل کا ایران کے فردو جوہری پلانٹ پر حملہ
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون2025ء ) امریکہ کے بعد اسرائیل نے بھی ایران کے فردو جوہری پلانٹ پر حملہ کردیا، ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ فردو جوہری تنصیبات کو اسرائیل نے نشانہ بنایا۔ تفصیلات کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی گیارہویں روز میں داخل ہوچکی ہے، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایران کے مغرب، مشرق اور وسطی حصوں میں واقع 6 ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا، کرمانشاہ کے علاقے میں ایرانی فوجی تنصیبات پر بھی فضائی حملے کیے گئے، اسرائیلی ایئرفورس ایران کے مغرب میں واقع کرمانشاہ میں عسکری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنا رہی ہے۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ فضائی حملے ایران کی ان عسکری تنصیبات پر کیے گئے جہاں اسرائیل کو نشانہ بنانے کے لیے میزائل ذخیرہ اور لانچ کیے جا رہے تھے، فوجی سیٹلائٹس ابتدائی وارننگ کے لیے استعمال ہونے والے ریڈار اور انٹیلی جنس مقاصد کے لیے ہوائی معلومات جمع کرنے والے مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا، ان حملوں میں پاسداران انقلاب کی متعدد تنصیبات اور زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کے انجن بنانے والے مراکز کو تباہ کردیا گیا، ایران کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک مقررہ اہداف حاصل نہیں ہو جاتے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے تہران کے جنوب مشرقی علاقے میں واقع پارچین کے اس مقام کو بھی نشانہ بنایا جہاں ایک بڑا عسکری کمپلیکس قائم ہے، ملک کے مغربی حصے میں ایران کی فضائی دفاعی نظام نے 4 ڈرون مار گرائے، خرم آباد کی فضاؤں میں بھی ایک اسرائیلی ڈرون مار گرایا، اسی طرح مرکزی صوبے میں بھی ایک ڈرون کو نشانہ بنایا گیا جس سے قریبی شہر اراک اور اس میں واقع جوہری ری ایکٹر کو لاحق خطرہ ختم ہوگیا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات