کمشنر فیصل آباد کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالےسے ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس

پیر 23 جون 2025 17:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) کمشنر فیصل آباد مریم خان کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالےسے ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سی پی او صاحبزادہ بلال عمر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن عامر رضا،اے ڈی سی جی کیپٹن(ر)طیب سمیع اور تمام مکاتب فکر کے علماکرام اور مشائخ عظام نے شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ علما کرام اور سول سوسائٹی کے تعاون سے امن و امان کو برقرار رکھیں گے،ڈویژن کے چاروں اضلاع میں انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے اوقات کار اور ضابطہ اخلاق پر عمل کرکے انتظامیہ سے تعاون کیا جائے،محرم الحرام میں اشتعال انگیزی کرنے والوں کیساتھ سختی سے نمٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ تمام مکاتب فکر کے درمیان بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

سی پی او نے اجلاس کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں،علما اور مشائخ عظام لوگوں کو محبت اور اتحاد کا درس دیں۔اجلاس میں کمشنر نے امن برقرار رکھنے کیلئے علما کرام کی تجاویز بھی سنیں۔ علما کرام اور مشائخ عظام نے امن کمیٹی کو پر امن محرم الحرام کے حوالے سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس کے آخر میں ملک کی ترقی اور سلامتی کیلئے دعا بھی مانگی گئی۔