بروج اسلامک انسٹی ٹیوٹ بلوچ کالونی کیمپس میں دورہ علمیہ کا انعقاد

پیر 23 جون 2025 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)بلوچ اسلامک انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام دورہ علمیہ کتاب شرح السنة کی تفسیر اور اس کے معنی و مطالب سے آگاہی فراہم کرتے ہوئے مھد السلفی گلستان جوہر کراچی کے رئیس الجامعہ علامہ عبداللہ ناصر رحمانی نے 10 اہل حدیث دینی مدارس کے طلبہ اور ادارہ ہذا کے طلبہ و طالبات کو خصوصی و علمی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت کے اسلاف اور بانیانِ جماعت نے ہمیں منہج سلف کی اہمیت اور اہلِ سنتہ والجماعتہ کے متفقہ عقائد و دیگر اہم موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کرکے ہمیں دینی و علمی منہج سے آگاہی فراہم کی ہے جسے میں آج بروج اسلامک انسٹی ٹیوٹ میں بیٹھ کر آپ کو سلف صالحین اور بانیان جماعت کی وہ علمی گتھیاں سلجھانے کی کوشش کررہا ہوں جنہیں ہم عام حالات میں اور گھر میں بیٹھ کر نہیں سمجھ سکتے بلکہ دینی مدارس اور دوسرے دینی اداروں میں اس طرح کی محفل بپا کرکے اس علمی منہج کو سمجھا یا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف اور بانیان جماعت علامہ عطا اللہ شاہ بخاری ، علامہ پیر سید بدیع الدین شاہ راشدی (سندھی )، شاہ اسمٰعیل شہید ، علامہ احسان الہی ظہیر و دیگر علماء کرام نے جس طرح دینی و د نیاوی اور مذہبی مسائل سے ہمیں اپنی اپنی لکھی گئی کتب میں اور بین الاقوامی مذہبی مصنفینکی لکھی گئی کتابوں کے مآخز دینیہ کو جمع کرکے ہمیں آگاہ فرمایا ہے میں اپنے سلف صالحین اور علماء کرام کی دینی کاوشوں کا تذکرہ کرکے خوشی محسوس کرتا ہوں اس لیئے کہ انہوں نے ہمیں دینِ اسلام کی صحیح آگاہی فرما کر ہمیں دینی و دنیاوی قندیلوں پر براجماں کیا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ ان کی محنتوں کا ثمر ہے اس مو قع پر علامہ عبداللہ ناصر رحمانی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں دینی مدارس جامعہ ابی بکر الاسلامیہ ، جامعہ ستاریہ الاسلامیہ ، معھد السلفی للتعلیم والتربیہ ، معھدالقرآن الکریم ، جامعہ عثمان بن عفان بنارس کالونی ، جامعتہ الاحسان گجر چوک منظور کالونی ، دارالحدیث رحمانیہ سولجر بازار کراچی ، البیان اکیڈمی انسٹی ٹیوٹ ، رول ماڈل انسٹی ٹیوٹ ، جامعہ صفہ اور جامعہ الدراسات الاسلامیہ گلشن اقبال کراچی کے طلبہ کو اس دورہ علمیہ میں خوش آمدید کہتا ہوں اور ادارہ کے چیف ایگزیکٹو طحہ احمد پاشاکو بھی دلی مبارکباد پیش کرتاہوں جنہوں نے اہلِ حدیث دینی مدارس کے طلبہ اور بروج انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ کے لئے اس دورہ علمیہ کو گرانقدر خدمات سے سرفراز فرما کر اس کے انتظامات کو حتمی شکل دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دینی محافل کا دینی اداروں اور مدارس میں تواتر سے ہوتے رہنا ہی دینی طلبہ و طالبات کے ذہنوں میں دینی تڑپ اور اس کی جستجو میں کمال ہنرمندی کے جوہر نایاب امنڈ آیا کرتے ہیں ۔