دالبندین ،فوڈپوائزننگ سے متاثرہ بچوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ

پیر 23 جون 2025 18:41

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹرسمیع اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر صحت کی خصوصی ہدایت پر دالبندین کے مدرسہ میں فوڈ پوائزننگ کے نتیجے میں متاثر ہونے والے طلباء کو کوئٹہ کے مختلف ہسپتالوں میں بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت مفت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ،ہسپتالوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلباء کی بہترین دیکھ بھال کریں اورمریضوں کے اہل خانہ سے کسی بھی قسم کی رقم وصول نہ کی جائے ۔

یہ بات انہوں نے یاسین ہسپتال ، ڈاکٹرز ہسپتال اور شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال میں زیرعلاج مدرسے کے طلباء کی عیادت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہاکہ دالبندین کے مدرسے میں فوڈپوائزننگ کے نتیجے میں متاثر ہونے والے طلباء کوعلاج معالجے کی غرض سے کوئٹہ کے مختلف ہسپتالوںمیں منتقل کیا گیاہے صوبائی وزیر صحت بخت محمدکاکڑ کی خصوصی ہدایت پر تمام متاثرہ مریضوں کو فوری طور پر بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت یاسین ہسپتال، ڈاکٹرز ہسپتال اور شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ طلبہ کی بہترین ممکنہ دیکھ بھال فراہم کریں اور مریضوں یا ان کے اہل خانہ سے کسی بھی قسم کی رقم وصول نہ کریں۔انہوںنے بلوچستان ہیلتھ کارڈ کی ٹیم کو علاج کی کڑی نگرانی کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پرورگام تمام شہریوں کی بہبود اور صوبے بھر میں مفت اور معیاری صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا عوام بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن پراپنی شکایات کا اندراج کرائیں جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔