بیرسٹرسلطان کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کا 56 واں سینڈیکیٹ اجلاس

جامعہ کشمیر میں معیار تعلیم بہتر بنانے ،یونیورسٹی کو عالمی سطح کی جامعات میں شامل کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائے،صدر آزاد کشمیر

پیر 23 جون 2025 21:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)صدر ریاست آزاد جموں وکشمیرو چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کا 56واں سینڈیکیٹ اجلاس ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔سینڈیکیٹ اجلاس میںقائمقام وائس چانسلر آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری،سیکرٹری صدارتی امورڈاکٹر محمد ادریس عباسی،وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن چوہدری محمد طیب،نمائندہ چیئرمین ہائیر ایجوکیش کمیشن آصف حسین،نمائندہ فیڈرل سیکرٹری ایجوکیشن نسیم احمد خان،نمائندہ فیڈرل سیکرٹری فنانس محترمہ طاہرہ مبین، سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر بشیر چوہدری، سابق چیئرمین تعلیمی بورڈ چوہدری محمد ظہیر، نمائندہ وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات، رجسٹرار یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف ڈاراور دیگر ممبران سینڈیکیٹ نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قائمقام وائس چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری نے صدر آزادجموں وکشمیر و چانسلر آزادجموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سینڈیکیٹ کے ممبران کو جامعہ کشمیر میںتعلیمی سرگرمیوں، جاری پروجیکٹس ، انتظامی معاملات اور جامعہ کشمیر کو درپیش مسائل پرتفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر سینڈیکیٹ اجلاس میں مستقل وائس چانسلر آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کی تعیناتی کے لئے بنائی گئی سرچ کمیٹی کی سفارشات کو بھی زیربحث لایا گیا اور اس سلسلے میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیرو چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جلد ہی وائس چانسلر آزاد جموں وکشمیر کی مستقل تعیناتی کی منظوری دیں گے۔

اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر و چانسلر آزادجموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سینڈیکیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام وائس چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری اور یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جامعہ کشمیر میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور یونیورسٹی کو عالمی سطح کی جامعات میں شامل کرنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جانی چاہیں اوراس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھی جائے اور یونیورسٹی کو تعلیمی اور تحقیقی میدان میں نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور جامعہ ہذا میں عالمی معیار کے مطابق تدریسی عمل کو فروغ دیا جائے۔