سمر سپورٹس کیمپس ، پنجاب کے تمام اضلاع میں 3300سے زائد کھلاڑی شرکت کررہے ہیں ‘ ڈی جی سپورٹس پنجاب

پیر 23 جون 2025 22:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے کہا ہے کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام سمر سپورٹس کیمپس کل ( منگل ) 24جون سے پنجاب کے تمام اضلاع میں شروع ہوں گے،سمر سپورٹس کیمپس میں 3300سے زائد کھلاڑی شریک ہوں گے، جو پچھلے سال سے تقریبا دوگناہیں اس سال ریکارڈ رجسٹریشن ہوئی ہے ، پچھلے سال سمر سپورٹس کیمپس میں رجسٹریشن 1800تھی، لاہور میں 900سے زائد کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹرایڈمن ڈاکٹرمحمد کلیم اور ڈائریکٹرسپورٹس رانا ندیم انجم بھی موجود تھے۔خضرافضال چودھری نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ہر سال گرمیوں کی چھٹیوں میں سمر سپورٹس کیمپس کا انعقاد ہوتا ہے، اس سال 14سپورٹس ڈسپلن میں سمر سپورٹس کیمپس کا انعقاد کیا جارہاہے،جن میں سوئمنگ ، ٹینس، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن ، فٹبال، ہاکی ، تائی کوانڈو، باکسنگ ، ووشو، اتھلیٹکس، آرچری ، کرکٹ، سکواش اوریوگا کے کیمپس شامل ہیں ، کیمپس میں ہفتہ میں چار دن بچوں کی کلاسز ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ بچے کیمپس میں شریک ہوں ،سمر سپورٹس کیمپس میں کھلاڑیوں کو سپورٹس شرٹ اور دیگر سامان مہیا کیا جائے گااور کیمپس کے اختتام پربچوں کو سرٹیفکیٹس بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سمر کیمپس میںکھلاڑیوں کو بھرپور ٹریننگ دی جائے گی ، امید ہے سمر کیمپس سے نیاٹیلنٹ سامنے آئے گاجن کی ہم مزید تربیت کرکے نیشنل اور انٹرنیشنل سطح کے کھلاڑی تیاری کریں گے،سمر سپورٹس کیمپس 24 جون سے 7اگست تک جاری رہیں گے، 5سے 19سال تک کے بچے سمر کیمپس میں شرکت کررہے ہیں ، 24جون کو سمر سپورٹس کیمپس کا تعارفی سیشن ہوگا جس میں بچوں اور والدین کو سمرسپورٹس کیمپس کی کلاسز اور وینیوز کے بارے میں بتایا جائے گا۔