سمر سپورٹس کیمپس منگل سے پنجاب کے تمام اضلاع میں شروع ہوں گے، ڈی جی سپورٹس

پیر 23 جون 2025 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چوہدری نے کہا ہے کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام سمر سپورٹس کیمپس کل منگل سے پنجاب کے تمام اضلاع میں شروع ہوں گے،سمر سپورٹس کیمپس میں 3300سے زائد کھلاڑی شریک ہوں گے، جو پچھلے سال سے تقریبا دوگناہیں۔ اس سال ریکارڈ رجسٹریشن ہوئی ہے، گزشتہ سال سمر سپورٹس کیمپس میں رجسٹریشن 1800تھی، لاہور میں 900سے زائد کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ڈائریکٹرایڈمن ڈاکٹرمحمد کلیم اور ڈائریکٹرسپورٹس رانا ندیم انجم بھی موجود تھے،ڈائریکٹرجنرل سپورٹس نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ہر سال گرمیوں کی چھٹیوں میں سمر سپورٹس کیمپس کا انعقاد ہوتا ہے، اس سال 14سپورٹس ڈسپلن میں سمر سپورٹس کیمپس کا انعقاد کیا جارہاہے،جن میں سوئمنگ، ٹینس، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، فٹبال، ہاکی، تائی کوانڈو، باکسنگ، ووشو، ایتھلیٹکس، آرچری، کرکٹ، سکوائش اوریوگا کے کیمپس شامل ہیں، کیمپس میں ہفتہ میں چار دن بچوں کی کلاسز ہوں گی، خضرافضال چوہدری نے مزید کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ بچے کیمپس میں شریک ہوں،سمر سپورٹس کیمپس میں کھلاڑیوں کو سپورٹس شرٹ اور دیگر سامان مہیا کیا جائے گااور کیمپس کے اختتام پربچوں کو سرٹیفکیٹس بھی دیئے جائیں گے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ سمر کیمپس میں کھلاڑیوں کو بھرپور ٹریننگ دی جائے گی، امید ہے کہ سمر کیمپس سے نیاٹیلنٹ سامنے آئے گاجن کی ہم مزید تربیت کرکے نیشنل اور انٹرنیشنل سطح کے کھلاڑی تیاری کریں گے،سمر سپورٹس کیمپس 24 جون سے 7اگست تک جاری رہیں گے، 5سے 19سال تک کے بچے سمر کیمپس میں شرکت کررہے ہیں، 24جون کو سمر سپورٹس کیمپس کا تعارفی سیشن ہوگا جس میں بچوں اور والدین کو سمرسپورٹس کیمپس کی کلاسز اور وینیوز کے بارے میں بتایا جائے گا۔