نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا

پیر 23 جون 2025 22:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے ،کیمپ میں منتخب کھلاڑیوں نے کوچز کی زیر نگرانی فٹنس اور فیلڈنگ سیشنز میں بھرپور حصہ لیا۔ کیمپ میں شامل کھلاڑیوں میں عامر جمال، علی رضا، فخر زمان، حیدر علی، حسین طلعت، خواجہ نافع، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد فائق، محمد نواز، مبصر خان، محمد عرفان خان، سعود شکیل، شاہد عزیز اور یاسر خان شامل ہیں۔

دوسرے مرحلے کے دوران کھلاڑیوں کی بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ ٹریننگ سیشنز نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں منعقد ہو رہے ہیں۔ کھلاڑیوں نے دوپہر کے وقت نیٹ سیشن میں شرکت کی جہاں کوچز نے ان کی تکنیکی خامیوں پر کام کیا۔

(جاری ہے)

دوسرا مرحلہ 28 جون تک جاری رہے گا۔ دوسری جانب سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کے پہلے مرحلے کے اختتام پر ایک تفصیلی جائزہ اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہوا جس کی صدارت سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کوچ عاقب جاوید نے کی۔

اجلاس میں تمام کوچز نے شرکت کی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ آئندہ کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی سی بی کے مطابق اس کیمپ کا مقصد نوجوان اور ابھرتے ہوئے کرکٹرز کی مہارتوں کو نکھارنا اور قومی سطح کے لیے تیار کرنا ہے۔