پاکستان سپورٹس بورڈ کا قومی ٹیم سرپرائز، کپتان عماد شکیل بٹ سمیت کھلاڑیوں کو صرف 56 سو روپے کا چیک تھما دیا

منگل 24 جون 2025 22:35

پاکستان سپورٹس بورڈ کا قومی ٹیم سرپرائز، کپتان عماد شکیل بٹ سمیت کھلاڑیوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)پاکستان سپورٹس بورڈ نے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ سمیت کھلاڑیوں کو 5600روپے کا چیک تھما دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی ایچ نیشز ہاکی کپ کا فائنل ہارنے والی قومی ہاکی ٹیم کے ممبران کیلئے پی ایس بی نے تربیتی کیمپ کی مد میں ڈیلی الائونس جاری کئے لیکن نیشز ہاکی کپ کے ڈیلی الائونس تاحال جاری کرنے میں ناکام رہا ۔

قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے صرف 5600روپے دینے پر سخت حیرانگی ہوئی ہے۔ پی ایس بی نے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا صرف ڈیلی الائونس دیا ہے اور ہم ٹور کے ڈیلی الائونس ابھی تک منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان سپورٹس بورڈ کی تقریب میں شرکت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے 5600 روپے دینے کا معاملہ کلیئر ہوگیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق کپتان عماد بٹ نے بتایا کہ انہیں بعد میں کلیئر کیا گیا ہے کہ یہ بھجوائی گئی 5600 روپے کی رقم پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے نیشنز کپ کے کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کی پاکٹ منی کے طور پر دی گئی ہے۔پی ایس بی کے ترجمان کے مطابق کپتان عماد بٹ کی غلط فہمی دور کر دی گئی ہے وہ پروگرام میں شرکت کریں گے یہ کیمپ کی پاکٹ منی ہے یہ سفری اخراجات نہیں۔