عماد شکیل بٹ کا پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ظہرانے کی دعوت میں شرکت سے انکار

ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سے بات ہوگئی ،کپتان کی جو غلط فہمی تھی وہ دور کر دی، شرکت کریں گے‘ترجمان سپورٹس بورڈ

منگل 24 جون 2025 22:28

عماد شکیل بٹ کا پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ظہرانے کی دعوت میں شرکت سے انکار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء) پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی)کے ظہرانے کی دعوت میں شرکت سے انکار کر دیا۔پی ایس بی نے عماد شکیل کو اسلام آباد کے سفر کے لیے 56 سو روپے ادا کیے۔عماد شکیل نے شکریہ کے ساتھ دعوت مسترد کر دی اور اسلام آباد سفر کے لیے پیسے دینے پر کہا کہ اتنے پیسے تو ٹول کی ادائیگی پر لگ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ظہرانے کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کے 6کھلاڑیوں کو مدعو کیا تھا۔مدعو کیے گئے کھلاڑیوں میں سفیان خان، رانا وحید، عبداللہ، منیب الرحمن اور حنان شاہد بھی شامل تھے۔پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے ظہرانے کے لیے دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا گیا اور ان میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور نوح دستگیر بھی شامل تھے۔دوسری جانب، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ترجمان خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ عماد شکیل بٹ آج (بدھ ) ظہرانے میں شرکت کریں گے۔خرم شہزاد نے بتایا کہ ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سے بات ہوگئی ہے اور کپتان کی جو غلط فہمی تھی وہ دور کر دی ہے۔