Live Updates

ایران کے پاسداران انقلاب نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر حملے کی تصدیق کردی

امریکی اڈے پر حملے دوست اور برادر ملک قطر کیلئے خطرہ نہیں، امریکی اڈے جنگ بھڑکانے والی حکومت کی کمزوری ہیں طاقت نہیں۔ ترجمان ایرانی پاسداران انقلاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 23 جون 2025 23:14

ایران کے پاسداران انقلاب نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر حملے کی تصدیق ..
دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون 2025ء ) ایران کے پاسداران انقلاب نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر حملے کی تصدیق کردی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ترجمان ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی اڈے پر حملے دوست اور برادر ملک قطر کیلئے خطرہ نہیں، امریکی اڈے جنگ بھڑکانے والی حکومت کی کمزوری ہیں طاقت نہیں۔ ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے قطر میں العدید ایئربیس کو نشانہ بنایا گیا۔

اسی طرح قطر کے وزیردفاع کے مطابق دفاعی نظام نے امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کو روک دیا۔ میڈیا کے مطابق وزیردفاع قطر کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے کے بعد جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ایرانی اقدامات سے خطے میں سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچے گا، قطر کی فضائی حدود اور علاقہ محفوظ ہے۔

(جاری ہے)

ایرانی میزائل حملوں میں کوئی ہلاکت یا زخمی نہیں ہوا۔

عرب میڈیا کے مطابق دوحہ میں ایئرڈیفنس سسٹ مفعال کردیا گیا۔ یاد رہے ایران نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایران نے خلیجی ملک قطر میں امریکا کے فوجی اڈوں پر حملہ کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے دعوے کے مطابق ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈوں پر 6 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔

قطر کے دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ ان حملوں کے بعد دوحہ میں فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا۔ قطر کے علاوہ عراق میں بھی امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کی اطلاعات ہیں، جبکہ بحرین میں بھی سائرن بج اٹھے۔ اس سے قبل امریکا کےایران پر حملے کے بعد مشرق وسطٰی کی صورتحال مزید کشیدہ ہو جانے پر قطر کی جانب سے ہنگامی فیصلہ کیا گیا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق قطر نے ہنگامی طور پر اپنے ملک کی فضائی آمد و رفت معطل کرنے کا اعلان کیا۔ اس حوالے سے قطری حکام کا کہنا ہے کہ خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث رہائشیوں اور مسافروں کی حفاظت کیلئے فضائی آمد و رفت معطل کر دی گئی، یہ فیصلہ عارضی ہے، خطے کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، قطر میں رہنے والے ہر شخص کی حفاظت ہمیں انتہائی عزیز ہے۔

قطر کی جانب سے فضائی حدود بند کیے جانے کے بعد کچھ دیر بعد ہی قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کر دیا گیا۔ جبکہ قطر کے بعد متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے اپنی فضائی حدود بند کر دی۔ قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملوں کے بعد دونوں خلیجی ممالک نے ہنگامی طور پر فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ دوسری جانب امریکہ نے قطر میں اپنے شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں قیام کا مشورہ دے دیا، امریکی ایڈوائزری پر اپنے ردعمل میں خلیجی ملک نے سکیورٹی مستحکم ہونے کی یقین دہانی کرادی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات