بگ بیش لیگ ، بابر اعظم اور سٹیو سمتھ کا ایک ساتھ اوپننگ کرنے کا امکان

سابق آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ دونوں اسٹارز کو ساتھ دیکھنے کے خواہاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 24 جون 2025 11:40

بگ بیش لیگ ، بابر اعظم اور سٹیو سمتھ کا ایک ساتھ اوپننگ کرنے کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 جون 2025ء ) آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سابق کپتان بابر اعظم اور آسٹریلوی بیٹر سٹیو ستمھ کی سڈنی سکسرز کیلئے ایک ساتھ اوپننگ کرنے کا امکان ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے بابراعظم اور اسمتھ کی ممکنہ شراکت کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ دونوں عظیم بیٹر بگ بیش لیگ کے 15ویں سیزن میں سڈنی سکسرز کی جانب سے ایک ساتھ بیٹنگ کرتے ہیں تو یہ شائقین کرکٹ کیلئے ایک یادگار لمحہ ہوگا۔

 
سڈنی سکسرز نے رواں ماہ کے آغاز میں بابر اعظم کو اپنے براہ راست غیر ملکی کھلاڑی کے طور پر سائن کیا ہے، توقع کی جارہی ہے کہ وہ پورا سیزن ٹیم کے ہمراہ رہیں گے، اس تناظر میں اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم اور آسٹریلوی اسٹار اسٹیو اسمتھ ایک ساتھ وکٹ پر دکھائی دیں گے۔

(جاری ہے)

 

ایرون فنچ نے بگ بیش پوڈکاسٹ میں میزبان ایڈم وائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت غیر معمولی ہوگا، اسمتھ جب بھی بگ بیش میں کھیلتے ہیں، وہ دوسروں سے ایک درجہ اوپر نظر آتے ہیں اور جب آپ بابر اعظم جیسے خوبصورت بیٹنگ اسٹروکس والے کھلاڑی کو ساتھ شامل کریں، تو یہ واقعی ایک شاندار امتزاج ہوگا۔

 
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ اگرچہ دونوں بیٹرز انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اُتر چکے مگر بطور ساتھی کھیلنے کا پہلا موقع بن سکتا ہے۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ سیزن میں بھی اسٹیو اسمتھ نے بگ بیش میں محدود میچز میں عمدہ کارکردگی دکھائی تھی، جہاں 3 میچز میں 173 رنز بنائے، جس میں پرتھ اسکورچرز کے خلاف 64 گیندوں پر ناقابل شکست 121 رنز کی اننگز شامل تھی۔ 
سٹیو سمتھ فروری 2023ء کے بعد سے کسی بین الاقوامی ٹی20 میچ میں شریک نہیں ہوئے لیکن فنچ کا کہنا ہے کہ وہ 2028ء کے اولمپکس میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔