خانیوال واقعہ ،رائے ونڈ جنکشن ریلوئے اسٹیشن کا پل مسافروں کیلئے بند

مسافر ریلوئے لائنیں عبور کرنے مجبور ،حادثات بڑھنے لگے ،پل کی فوری مرمت کا مطالبہ

منگل 24 جون 2025 14:47

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)خانیوال واقعہ کے بعد رائے ونڈ جنکشن ریلوئے اسٹیشن کا پل مسافروں کیلئے بند کردیا ، مسافر ریلوئے لائنیں عبور کرنے مجبور ،حادثات بڑھنے لگے ،پل کی فوری مرمت کا مطالبہ ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق خانیوال ریلوئے اسٹیشن پر پل کا کچھ حصہ خستہ حالی کی وجہ سے گرنے سے ریلوئے ملازم جاں بحق ہو گئے تھے ،اس واقعہ کے بعد ریلوئے انتظامیہ نے رائے ونڈ جنکشن ریلوئے اسٹیشن کے اہم ترین پل کو خستہ حالی کی وجہ سے فوری طور پر بند کردیا ہے ،پلیٹ فارم نمبر 1اور 2کو آپس میں ملانے والے پل کو بند کرنے سے ٹرینوں میں سفر کرنیوالے ہزاروں مسافر اب ریلوئے لائنیں عبور کرنے پر مجبور ہیں مین ریلوئے لائن اپ سائیڈ اور ڈائون سائیڈ پر گاڑیوں کی آمد رفت زیادہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کی جان دائو پر لگ چکی ہے ریلوئے حکام کے مطابق بند کئے گئے پل کی مرمت کا کام معمولی ہے چند دنوں میں مذکورہ پل کو مرمت کرکے مسافروں کیلئے کھول دیا جائیگا ،پل کا ڈھانچہ مکمل طور پر ٹھیک ہے بالائی سطح پرچند پلیٹیں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ،لاہور ڈویژن کو سب سے زیادہ آمد ن دینے والے رائے ونڈ جنکشن ریلوئے اسٹیشن پر سینکڑوں ملکی وغیر ملکی مندوبین دعوت وتبلیغ کیلئے بذریعہ ریل گاڑی سفر کرتے ہیں مسافروں کو پل کی عارضی بندش کی وجہ سے ریلوئے لائنیں عبور کرنا پڑرہی ہیں جس سے ملک وقوم کی جگ ہنسائی ہورہی ہے مقامی سماجی حلقوں اور مسافروں نے ریلوئے حکام سے مذکورہ پل کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کا مطالبہ کیا ہے ۔