نوشہرہ اضاخیل ،ٹول پلازہ کے قیام پر پیرپیائی ،اضاخیل ناظمین ،عمائدین علاقہ ،ٹرانسپورٹرز آپے سے باہر ،ٹول پلازہ اکھاڑ دیا

منگل 24 جون 2025 20:10

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء) نوشہرہ اضاخیل میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی حکام کی جانب سے ٹول پلازہ کے قیام پر پیرپیائی اور اضاخیل کے ناظمین ،عمائدین علاقہ سمیت ٹرانسپورٹرز آپے سے باہر ہوگئے، ٹول پلازہ اکھاڑ دیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی حکام نے نوشہرہ کے علاقہ اضاخیل مین جی ٹی روڈ کے مقام پر ٹیکس ریکوری کے لیے ٹول پلازہ کا قیام عمل میں لایا اور اسی ٹول پلازہ پر عملہ بھی تعینات کردیا جو کچھ لمحوں کے لیے ٹول ٹیکس وصول کرتے رہے لیکن جونہی اضاخیل اور پیرپیائی کے مقامی ناظمین ،عمائدین علاقہ اور ٹرانسپورٹرز کو علم ہوا تو وہ آپے سے باہر ہوگئے اور جہاں پر این ایچ اے حکام کا بنائے گئے ٹول پلازہ پر تعینات عملہ ٹول ٹیکس وصول کر رہے تھے وہاں پر ہلہ بول دیا اور ٹین سے بنائے گئے ٹول پلازہ کو اکھاڑ پھینک دیا اس سلسلے میں پیرپیائی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں خان بشر ،ملک تیمور ،باچا کاکا سمیت دیگر نے کہا کہ این ایچ اے حکام پہلے خیر آباد سے لیکر تاروجبہ تک جی ٹی روڈ کی حالت زار کو دیکھے کیونکہ روڈ میں جگہ جگہ کھڈے پڑے ہوئے ہیں روڈ کنارے لائٹس کا کوئی خاطر خواہ انتظام نہیں ہے اور نہ کیا جارہا ہے ،انہوں نے کہا کہ کیا ملک بھر میں پہلے سے ٹول پلازوں کی کمی تھی جو اب نوشہرہ اضاخیل میں ٹول پلازہ قائم کیا جارہا ہے ،این ایچ اے حکام کی جانب سے تعینات عملہ ناظمین ،عمائدین علاقہ اور ٹرانسپورٹرز کا رد عمل دیکھ کر خاموشی سے نودو گیارہ ہوگئے جبکہ اضاخیل ،پیرپیائی اور گردونواح کے علاقوں کے عوام نے اضاخیل ٹول پلازہ پر ٹیکس وصولی کو جھگا ٹیکس قرار دیا ہے ۔