سرکاری ملازمین کے پرامن احتجاج پرشیلنگ ،لاٹھی چارج افسوسناک ،قابل مذمت ہے،مولانا عبدالرحمن رفیق

منگل 24 جون 2025 20:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما اور رکن مرکزی مجلس شوریٰ شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ میں سرکاری ملازمین کے پرامن اور جائز احتجاج کے دوران مظاہرین اور صحافیوں پر شیلنگ اور لاٹھی چارج انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے حکومت وعدوں اور معاہدوں کی پاسداری کے بجائے طاقت کے استعمال سے حالات کو مزید بگاڑنے کی دانستہ کوشش کر رہی ہے جو کسی طور پر بھی جمہوری روایات سے ہم آہنگ نہیں انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں طاقت گولی اور لاٹھی کی زبان نہیں چلتی بلکہ بات چیت برداشت اور قانون کی بالادستی ہی حقیقی راستہ ہے انہوں نے کہا کہ صوبے پر مسلط نااہل حکمران ٹولہ گلی محلے کے پرچون کی دکان چلانے کے بھی قابل نہیں حکومتی معاملات سنبھالنا ان کے بس سے باہر ہے موجودہ طرز حکمرانی جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ بن چکی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار ملازمین رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کے تمام جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں۔